خوش آمدید - Welcome

اثبات (سہ ماہی)
ادب کی مثبت اور آفاقی قدروں کا ترجمان ہے!
نئی صدی کا آغاز "ادب کی بحالی" سے ہو چکا ہے۔ یہ نیا دور "اثبات" کے اجرا کا جواز بھی ہے اور اس کا موقف بھی۔ واضح رہے کہ کسی مخصوص نظریے کے ملبے پر "اثبات" کی بنیاد نہیں رکھی گئی ہے اور نہ ہی ادب کو فن کے حریف خیموں میں تقسیم کرنے سے "اثبات" کو کوئی دلچسپی ہے۔ ادب اور معاشرے میں ہر طرز فکر ، فنی رویے اور نظریے کو "کلام" میں شامل ہونے کی آزادی حاصل ہونی چاہیے چاہے وہ مارکسیت ہو ، یا ثقافتی مادیت ، جدیدیت ہو یا مابعد جدیدیت ، تانیثیت ہو یا نئی تاریخیت ، ادب برائے ادب ہو یا ادب برائے انقلاب۔ ورنہ کسی قسم کی تقسیم انجام کار نراجیت یا آمریت کا پیش خیمہ ثابت ہوتی ہے۔
ہر رسالے کا اپنا ایک مزاج ہوتا ہے یا ہونا چاہیے ورنہ "بےچہرگی" کا مسئلہ اٹھ کھڑا ہوگا۔ اپنے موقف اور جواز کے باوجود "اثبات" کا اپنا ایک مزاج ہے۔ ادب کی داخلی جمہوریت کی پاسداری کی ہر ممکن کوشش "اثبات" کے نصب العین میں شامل ہے تاکہ روشن خیالی کی وہ گراں قدر روایتیں مسخ نہ ہوں جیسا کہ کئی معاصر رسالے یہ کام منصوبہ بند طریقے سے انجام دے رہے ہیں!
اثبات کے 10ویں شمارے کی اشاعت کے ساتھ ہی اس کا یہ ویب ایڈیشن اردو یونیکوڈ تحریر میں لفظ / فقرہ کی تلاش کی سہولت کے ساتھ انٹرنیٹ کے معزز صارفین / قارئین کی خدمت میں پیش ہے۔ فی الوقت شمارہ : 8 ، 9 اور 10 آن لائن مہیا کیے جا رہے ہیں۔ مستقبل قریب میں "اثبات" کے تمام سابقہ شمارے بھی اَپ لوڈ کیے جائیں گے۔